لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جیل میں کھانا فراہم نہ کرنے کا دعویٰ مکمل طور پر بے بنیاد اور من گھڑت ہے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے، عظمیٰ بخاری نے کہا کہ دونوں میاں بیوی کو معمول کے مطابق تمام ضروری خوراک فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو شخص دوپہر 12 بجے تک بیدار نہ ہو، وہ کس طرح روزہ رکھ سکتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو ہفتے میں تین دن گوشت، سبزیاں، دالیں اور چقندر کا جوس ملتا ہے، جبکہ عمران خان کو کافی، اُبالے ہوئے انڈے اور خشک میوہ جات دیے جاتے ہیں۔ بشریٰ بی بی کو ان کی پسند کا کھانا مہیا کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں بیٹھے کسی شخص کو صرف خواب آ رہا ہے کہ ان کے آقا کو جیل میں کھانا نہیں مل رہا۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ دو روز قبل ان کی جماعت کے ترجمان نے بانی پی ٹی آئی کی بیماری کے حوالے سے جھوٹ بولا، جبکہ کل پمز کے چار سینئر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا، جس کے بعد ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی کو مکمل صحت مند قرار دیا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب ان کے پاس کوئی معقول دلیل نہیں بچتی، تو وہ مظلومیت اور ہمدردی کا کارڈ کھیلنا شروع کر دیتے ہیں۔