نیتن یاہو کی حماس کو یرغمالیوں کو رہا نہ کرنے پر شدید نتائج کی دھمکی

10:44 AM, 4 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس کو یرغمالیوں کی رہائی نہ کرنے کی صورت میں شدید نتائج کی دھمکی دی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی وزیرِ اعظم نے اسرائیلی پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے حماس کو براہ راست مخاطب کیا اور کہا کہ اگر یرغمالیوں کو رہا نہ کیا گیا تو اس کے نتائج اتنے بھیانک ہوں گے کہ حماس سوچ بھی نہیں سکتا۔

وزیراعظم نیتن یاہو نے مزید کہا کہ اسرائیل مستقبل میں جنگ کی بھرپور تیاری کر رہا ہے، اور انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی غزہ کے حوالے سے دور اندیشی کی تعریف کرتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کا بھی اظہار کیا۔

غزہ جنگ بندی معاہدے کا پہلا مرحلہ ہفتے کو ختم ہو گیا تھا، جس کے بعد اسرائیل نے جنگ بندی کی عارضی توسیع کی شرط رکھی تھی کہ حماس باقی ماندہ یرغمالیوں کو رہا کر دے، تاہم حماس نے اس مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر زور دیا تھا۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کی پارلیمنٹ میں تقریر کے دوران یرغمالیوں کے لواحقین نے شدید احتجاج کیا، اور اس دوران سکیورٹی اہلکاروں اور یرغمالیوں کے لواحقین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

مزیدخبریں