راولپنڈی:پی ایس ایل 9 کے 20ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے شکست دے دی۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیے گئے 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 9 وکٹوں پر 167 رنز بناسکی۔
پشاور زلمی کی ٹیم مشکلات کا شکار ہوئی اور صرف 18 رنز پر ہی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ کپتان بابر اعظم صفر پر رن آؤٹ ہوئے۔ صائم ایوب اور محمد حارث نے ایک ایک رن بنایا جبکہ ٹام کوہلر کیڈمور 12 اور رومین پاول کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔چھٹی وکٹ پر پال والٹر اور عامر جمال نے 107 رنز کی شراکت بنائی۔عامر جمال نے 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ پال والٹر نے 33 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان نے 3 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا، رومان رئیس کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔ حنین شاہ نے بھی دو آؤٹ کیے جبکہ ایک وکٹ نسیم شاہ نے لی۔
پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی ۔اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلی ہی گیند پر ایلکس ہیلز کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا جنہیں صائم ایوب نے کلین بولڈ کیا۔
تیسرے اوور میں 28 کے مجموعے پر 15 رنز بنا کر کولن منرو بھی پویلین لوٹ گئے، انہیں بھی صائم نے میدان بدر کیا۔
تاہم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 80 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑے ٹوٹل تک پہنچایا۔شاداب خان کے ساتھ پہلے 37 رنز بنانے والے سلمان علی آغا نے 65 رنز کی پارٹنرشپ بنائی جبکہ سلمان کے آؤٹ ہونے کے بعد شاداب اور جارڈن کاکس کے درمیان 68 رنز کی پارٹنر شپ بنی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد اعظم خان اور جارڈن کاکس نے 39 رنز جوڑے۔ کاکس 30 جبکہ اعظم 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ لیوک ووڈ اور سلمان ارشاد نے ایک ایک وکٹ لی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے شکست دے دی
11:09 PM, 4 Mar, 2024