اسلام آباد :مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ پیپلزپارٹی کا کابینہ میں شامل ہونا اچھا شگون ہوگا، ذمہ داریاں تقسیم ہوجائیں گی، کراچی کی ضلعی حکومت مضبوط کرنے سے متعلق آئینی ترمیم ہونی چاہیے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی کا کابینہ میں شامل ہونا اچھا شگون ہوگا، ذمہ داریاں تقسیم ہوجائیں گی، کراچی کی ضلعی حکومت مضبوط کرنے سے متعلق آئینی ترمیم ہونی چاہیے۔
اگر تین بڑی جماعتیں کابینہ کا حصہ بنیں تو ذمہ داریاں تقسیم ہوجائیں گی، تین بڑے صوبوں سے سیاسی جماعتیں ہوں گی تو کابینہ اچھی ہوجائےگی،کابینہ کا سائز بڑا نہیں ہونا چاہیے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تعلیم اور صحت جیسی وزارتیں صوبوں کو منتقل ہونی چاہئیں، 10 سے 12 وزارتیں صوبوں کو منتقل کرنےکی بلاول کی تجویز کی حمایت کرتا ہوں، ضلعی حکومتیں مضبوط کرنے سے اسمبلی ممبران کا بوجھ کم ہوگا، کراچی کی ضلعی حکومت مضبوط کرنے سے متعلق آئینی ترمیم ہونی چاہیے، کراچی بڑا شہر ہے، دنیا میں بڑے شہروں میں مضبوط مقامی حکومتیں ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ حکومت چلانے سے متعلق اتحادیوں کے بھی اتنے ہی اسٹیک ہیں جتنے ہمارے، اگر حکومت فیل ہوجائے تو اتحادیوں کو بھی اتنا ہی نقصان ہوتا ہے، شہبازشریف نےکل قابل عمل معاشی ایجنڈا دیا ہے، شہباز شریف نے ایک کروڑ نوکریوں، 50 لاکھ گھر اور کٹے مرغیوں والا ایجنڈا نہیں دیا، شہبازشریف نے سائیکل پر آنےکا دعویٰ بھی نہیں کیا اور نہ ہی گورنر ہاؤسز کو یونیورسٹیاں بنانےکا دعویٰ کیا ہے۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی آج جو فلور پرمطالبہ کر رہی ہے،4 سال پہلے ہم یہی مطالبہ کرتے رہے، اس وقت نہ پی ٹی آئی نہ جواب دیتی تھی نہ ان کا وزیراعظم ایوان میں آتا تھا، ہنسی آتی ہے، وہ لوگ مطالبے کرتے ہیں جنہوں نے پانچ پانچ جماعتیں تبدیل کی ہیں۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی قیادت اور فیصلے نواز شریف ہی کریں گے، یہ امکان بھی ہےکہ نوازشریف کو پارٹی صدارت دے دی جائے۔