لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سڑکوں کے زیر تکمیل منصوبے جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے صوبے بھرکے روڈ برج پررپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ”سڑکیں بحال پنجاب خوشحال“ پراجیکٹ شروع کیاگیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا اس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے صوبے بھرکی روڈز کی حالت پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے چھوٹی بڑی رابطہ سڑکوں کی تعمیرومرمت وبحالی کے لئے ڈیڈ لائن دے دی۔ 6ماہ میں پنجاب کی 153 سے زائد سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کرنے کا ہدف مقررکرنے کے علاوہ ،5اہم رابطہ سڑکوں پر ایکسپریس وے بنانے کا حکم دیاگیاہے۔
اس بارے میں مریم نواز شریف کاکہنا ہےکہ پنجاب بھر میں کوئی بھی سڑک ٹوٹی پھوٹی نہ رہے، سڑکوں کی تعمیر و بحالی جلد مکمل کرائیں گے۔ان کاکہنا ہے کہ مرکزی رابطہ سڑکوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔سڑکوں کی تعمیر وبحالی جلد چاہتے ہیں لیکن معیار پر قطعا سمجھوتہ نہیں ہو گا۔