اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھنگ کے طبی اور صنعتی استعمال کو ریگولیٹ اور کنٹرول کرنے کے لیے بھنگ کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس 2024 کی منظوری دے دی ہے۔
13 رکنی بورڈ آف گورنر کے زیر انتظا م کام کرنے والی اتھارٹی بھنگ کے پودے کی کاشت، نکالنے اور ریفائننگ مینوفیکچرنگ کرے گی۔
بورڈ کی صدارت سیکریٹری دفاع ڈویژن کریں گے جبکہ دیگر اراکین میں سیکریٹری کابینہ، قانون و انصاف، نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹری، نجی شعبے کے دو ارکان، پی سی ایس آئی آر کے چیئرمین کے ساتھ ساتھ بورڈ میں آئی ایس آئی، آئی بی کے نمائندے، اے این ایف اور ڈریپ کا بھی ایک رکن شامل ہوگا۔
بورڈ، پالیسی فیصلے اور تبدیلی یا کوتاہی سمیت بھنگ سے متعلق معاملات پر وفاقی حکومت کو مشورہ دے گا، لائسنس جاری کرنے کا اختیار بھی بورڈ کے پاس ہوگا جبکہ وفاقی حکومت کسی بھی وقت براہ راست بورڈ کا اجلاس بلا سکتی ہے۔