سوات: سوات مالاکنڈ اور باجوڑ کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچادی اور مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث حادثات میں مرنے والوں کی تعداد 31 ہوگئی۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے جاں بحق ہوانے والے افراد کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کیلئے 3-3 لاکھ اور معمولی زخمیوں کو 50، 50 ہزار روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا۔
پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے صوبے میں جاری حالیہ بارشوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے متعلق پورٹ بھی جاری کر دی ہے۔پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق پشاور، مردان، مالاکنڈ، باجوڑ، سوات اور لوئر دیر سمیت مختلف علاقوں میں 31 افراد جاں بحق اور 38 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 129 گھروں کو جزوی جبکہ 33 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا ہے۔رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، مرنے والوں میں 4 بچے اور دو خواتین شامل ہیں۔
مالاکنڈ کی تحیصل بٹ خیلہ اور درگئی میں کچے مکانات گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ سوات سے ریسکیو اداروں کے مطابق سوات کی تحصیل مٹہ میں مکان کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے دوران اتوارکو مزید چار افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، گزشتہ روز ملبے سے 3 افراد کی لاشیں اور 2 زخمی خواتین کو نکالا گیا تھا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مہمند میں بارشوں کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا، جس کے باعث متعدد مقامات پر دیواریں منہدم ہوگئیں۔ باجوڑ کے علاقے شینکوٹ ڈاگ میں بارشوں سے مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دو خواتین زخمی ہوئیں۔باجوڑ میں ملبے تلے لاش اور زخمیوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔