بارشوں اور برف باری کے بعد ملک بھر میں سردی کی نئی لہر

09:33 AM, 4 Mar, 2024

نیوویب ڈیسک

ملک بھر میں بارشوں اور برف باری کے بعد سردی کی نئی لہر آگئی۔ این ڈی ایم اے نے کل  سے 7 مارچ تک ملک میں شدید بارشوں کے ایک اور اسپیل کی وارننگ جاری کردی۔

این ڈی ایم اے نے ملک میں شدید بارشوں کے ایک اور سپیل کی وارننگ جاری کر دی،ملک کے مختلف شہروں میں کل سے 7 مارچ تک خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور  پنجاب کے بالائی علاقوں کے اس سپیل سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔سپیل کے تحت بالائی اور وسطی پنجاب میں آندھی اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے آج خیبر پختونخوا، کشمیر، مری، گلیات، راولپنڈی، اسلام آباد میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

خیبر میں 4 روز سے وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے جبکہ دیر بالا میں شدید برف باری کے باعث 5 روزہ انسداد پولیو مہم ملتوی کردی گئی۔سوات، پاراچنار اور ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں گزشتہ تین روز سے وقفے وقفے سے بارش اور برف باری جاری ہے۔

مالم جبہ، کالام، اوشو اور گبرال جانے والے والی سڑکیں بند کردی گئیں۔ مری میں 2 روز سے جاری بارش کے بعد برف باری ہوئی۔کان مہترزئی پر ایم 50 شاہراہ کو بحال کردیا گیا جبکہ چلاس اور کوہستان میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند شاہراہِ قراقرم کی بحالی کا کام جاری ہے۔

کوہ سلیمان رینج میں دھانا سر کے مقام پر روڈ کلیئرنس آپریشن مکمل ہونے کے بعد خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے درمیان ٹریفک بحال کردیا گیا۔

دوسری جانب پاک پتن اور قصور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی جبکہ کراچی میں یخ بستہ ہواؤں نے سردی بڑھا دی۔

مزیدخبریں