اپنے اوپر حملہ کرنے والے ایجنسیوں کے آدمیوں کو معاف کرنے کیلئے تیار ہوں: عمران خان 

08:15 PM, 4 Mar, 2023

لاہور : چیئرمین پی ٹی آئی  عمران خان نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی بجائے ملک بھر میں جنرل الیکشن کرانے کا مطالبہ کردیا ہے۔ ایک بار پھر الزام دہراتے ہوئے کہا کہ مجھ پر ایجنسیوں، رانا ثناء اللہ اور وزیر اعظم شہباز شریف نے حملہ کروایا تھا۔ سب سے سمجھوتا اور بات چیت کیلئے تیار ہوں ۔ جنہوں نے مجھ پر حملہ کیا ان کو بھی معاف کرنے کو تیار ہوں ۔ حالات ٹھیک کرنے کیلئے سب کو اکٹھا ہونا ہوگا۔ ملک کو پیسہ چوری کرنے والوں سے سمجھوتا نہیں ہوگا۔ 

لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے عمران خان نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ جب بھی حکومت گرے گی یہ لوگ معیشت کو نہیں سنبھال سکیں گے۔میں بار بار کہتا رہا ملک میں الیکشن کروائے جائیں تاکہ ملک میں استحکام ہو ۔میں پاکستان کے ساتھ بڑا ہوا ہوں، ساری تاریخ جانتا ہوں۔الیکشن کرانے کے بجائے ہمارے کارکنوں پر سختیاں کی گئیں۔

عمران خان نے کہا کہ جب تک الیکشن نہ ہوں ملک بحران میں پھنسا رہے گا۔جنرل مشرف کے دور میں میں جیلوں میں رہا۔ 25مئی کو حکومت نے ہمارے ساتھ بہت ظلم کیا۔ صحافیوں کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ بھی عوام جانتے ہیں ۔ حکومت نے اعظم سواتی کے گھر گندی ویڈیوز بھیجی گئیں۔ کوشش کی گئی کہ ظلم اور خوف پھیلا کر پی ٹی آئی کو ہراساں کیا جائے۔ 

انہوں نے کہا کہ مجھے 2مہینے پہلے پتہ چل گیا تھا کہ مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوگا۔پاکستان کی تاریخ میں جتنی عزت پی ٹی ائی کو ملی کسی اور پارٹی کو نہیں ملی ۔ ساری قوم سپریم کورٹ کی مشکور ہے کہ اس نے پاکستان کے آئین کو بچایا۔ حکومت نے نیب سے 1100ارب روپے کے  کیسز معاف کرائے۔ 

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی موجودہ حکومت نے کی۔عام گھریلو استعمال کی چیزیں مہنگائی کی وجہ سے عوام کی پہنچ سے دور ہوگئی ہیں۔گیس اور بجلی کے نرخ بھی ڈبل ہوگئے ہیں۔ہمارے دور میں جو مہنگائی تھی اس کا مقابلہ آج کی حکومت سے کرلیں ۔ 

عمران خان نے کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران پوری دنیا میں مہنگائی کا غلبہ تھا، اب تو اس سے بھی زیادہ ہے۔جب تک اس ملک میں عوام کی طاقت سے حکومت نہیں آتی ملک نہیں سنبھل سکے گا۔ملک میں سیاسی و معاشی استحکام بہت ضروری ہے۔روپے کی قدر میں کمی سے ملک غربت کا شکار ہوجاتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں عوام کو 50لاکھ نئی نوکریاں ملیں۔قوم پوچھ رہی ہے کہ پی ٹی آئی آئیگی تو مسائل کیسے حل ہونگے۔جو ادارے ملک پر بوجھ ہیں ان کے لیے راست اقدام اٹھائے جائیں گے۔ ملک میں ایکسپورٹ زیادہ سے زیادہ کریں تاکہ ملک غربت کی دلدل سے نکل سکے۔ایکسپورٹ زیادہ سے زیادہ کریں تاکہ ملک غربت کی دلدل سے نکل سکے۔ 

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جب تک پاکستان میں ڈالر کی صورت میں انویسٹمنٹ نہیں ہوگی، پاکستان کی دولت میں اضافہ نہیں ہوگا۔ پام آئل،اور زیتون ہم اپنے ملک میں پیدا کریں تو ملک کی معیشت میں بہتری آئیگی ۔ پاکستان نے اگر آگے بڑھنا ہے تو رول آف لاء کی پیروی کرنا ہوگی ۔ پاکستان میں عدل وانصاف قائم ہونے سے خوشحالی آئیگی ۔ 

مزیدخبریں