گوجرانوالہ : مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران داری کا ٹرک ڈرائیوروں سمیت پکڑا جا چکا ہے۔ شیر جب آئے تو گیدڑ بھاگ جائیں گے۔
مریم نواز کی زیرصدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) گوجرانوالہ ڈویژن کی مرکزی تنظیم کا اجلاس ہوا۔ مرکزی سینئر راہنما خواجہ آصف، پرویز رشید اور پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خاں بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
مریم نواز نے کہا کہ الزام لگانے والے آج منہ چھپاتے پھرتے ہیں، پتلی تماشہ کرنے والے گھروں میں قید ہوچکے ہیں۔ مشکل معاشی حالات میں ڈوبا ملک پہلی بار ہمیں نہیں ملا۔ملک مسائل میں جب ڈوب جاتا ہے، تب ہی نواز شریف اور شہباز شریف کو آنا پڑتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج مشکل ضرور ہے لیکن اللہ تعالیٰ کی مدد سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں کی طرح معاشی اندھیرے بھی ختم ہوں گے ۔ سازشیوں کی سازش ہے کہ معیشت نہ سنبھلے۔ ہمیشہ کی طرح شیر ہی قوم کو مسائل اور انہیں پیدا کرنے والے گیدڑوں سے نجات دلائے گا۔