ماسکو : روس کی بیرون انٹیلیجنس سروس (ایس وی آر) نے امریکا پر الزام لگایا ہے کہ اس نے داعش کے دہشتگردوں کو تربیت دے کر روسی دستوں سے لڑنے کے لیے یوکرائن بھیج دیا ہے۔
روسی خبر رساں ادارے انٹرفیکس کے مطابق ایس وی آر کا کہنا ہے کہ یوکرائن میں لڑنے والے داعش کے درجنوں دہشت گرد روس یا دیگر روس سے آزاد ریاستوں کے شہری ہیں جنھیں امریکا نے 2021 کے اواخر میں شامی جمہوری فورسز کی کرد ونگ میں غیر قانونی مسلح گروہ کے قیدخانوں سے رہا کیا ہے۔
ان افراد کو امریکا کے زیر کنٹرول (شام میں) التف اڈے پر بھیجا گیا تھا جہاں انھیں ڈونباس کے علاقے میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے خصوصی تربیت ملی۔ انھیں اینٹی ٹینک، اینٹی ایئر کرافٹ میزائل سسٹم، ملٹیپل لانچ راکٹ سسٹم اور ڈرون حملوں سمیت جدید ہتھیار استعمال کرنا سکھایا گیا۔
روسی انٹیلی جنس کے مطابق داعش کے جنگجوؤں کو پھر شمالی عراق کے فوجی اڈے لے جایا گیا جہاں سے انھیں یوکرائنی علاقے میں منتقل کر دیا گیا۔‘
ایس آر وی کا کہنا ہے کہ یوکرین میں روس کے خصوصی فوجی آپریشن کے آغاز سے اب تک ’اکثر جنگجو ہلاک ہوچکے ہیں۔‘
ایک دوسری رپورٹ میں انٹرفیکس نے ایس وی آر کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور بعض نامعلوم نیٹو ممالک کے خفیہ ادارے یوکرائنی حکام کو روسی مسلح دستوں کے منصوبوں اور نقل و حرکت کے منصوبے منتقل کر رہے ہیں۔‘