پشاور دھماکہ سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہے: وزیر داخلہ

03:23 PM, 4 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پشاور دھماکہ سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہے اور غیر ملکی قوتیں پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتی ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران مسجد میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبرپختونخواہ سے دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پشاور دھماکے کے حوالے سے کوئی تھریٹ الرٹ جاری نہیں ہوا تھا، غیر ملکی قوتیں پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتی ہیں اور یہ دھماکہ سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہے۔ 
واضح رہے کہ پشاور کے قصہ خوانی بازار میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں اب تک 30 افراد شہید اور 50 زخمی ہو چکے ہیں۔ دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو کا آپریشن جاری ہے اور جائے وقوعہ کا محاصرہ کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید کے مطابق خودکش حملہ آور نے پولیس پر فائرنگ کی اور مسجد میں داخل ہو گیا جس کے بعد وہ منبر تک پہنچا گیا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک 50 زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے جن میں سے 10 کی حالت تشویشناک ہے۔ 

مزیدخبریں