راولپنڈی: پاک فوج اور رائل سعودی لینڈ فورسز کی مشترکہ تربیتی مشقیں الصمصام 8 نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سنٹر پبی میں اختتام پذیر ہوگئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق تقریب میں منگلا کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود اور رائل سعودی لینڈ فورسز کے میجر جنرل عبداللہ عید العتیبی نے شرکت کی، دو ہفتے جاری رہنے والی مشترکہ مشقیں رائل سعودی لینڈ فورسز اور پاک فوج کے درمیان دو طرفہ فوجی مشقوں کے سلسلے کا حصہ تھیں۔
مشترکہ مشقیں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر مرکوز تھیں جس میں سرچ، جنگی گشت اور دھماکا خیز آلات تلف کرنے کی مشقیں شامل تھیں، مشقوں کے دوران آپریشنل صلاحیتوں اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملا، تقریب میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے بھی شرکت کی۔