اسلام آباد: حکومت نے ’ اسمارٹ فون فار آل ‘کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کے مطابق عوام کو اقساط پر موبائل فونز اور ڈیٹا پیکیج بھی دیا جائےگا جبکہ امپورٹڈ سمارٹ فونز پر ٹیکس بھی کم کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹڈ موبال فون پرٹیکسزمیں کمی کی حمایت کرتےہیں، بیرون ملک سے اپنے استعمال کیلئے لائے گئے موبائل پرٹیکسزپرتحفظات ہیں، کوشش ہے کم ازکم ایک ہی فون پر باربار ٹیکسز وصولی کاخاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار موبائل مینوفیکچرنگ پالیسی بناکرپارلیمنٹ سے منظور کرایا ۔
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے پاکستان کے انتہائی قلیل مدت میں فورجی اسمارٹ فون برآمد کرنے والے ملک بننے پرکہا کہ 1500 فور جی موبائل فون مقامی طور پر تیار کرکے متحدہ عرب امارات برآمد کیے گئے ، جس کے ساتھ ہی پاکستان کم عرصے میں فورجی اسمارٹ فون کا برآمد کنندہ بن گیا جو پاکستانی موبائل انڈسٹری کیلئے ایک سنگ میل ہے۔