وزیراعظم کے الزامات، الیکشن کمیشن میں کل اہم اجلاس طلب

وزیراعظم کے الزامات، الیکشن کمیشن میں کل اہم اجلاس طلب
کیپشن: وزیراعظم کے الزامات، الیکشن کمیشن میں کل اہم اجلاس طلب
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے الیکشن کمیشن کے خلاف الزامات پر الیکشن کمیشن میں کل اہم اجلاس طلب کرل یا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نےطلب کیا ہے۔

اجلاس میں دیگر ممبران الیکشن کمیشن بھی شریک ہوں گے،اجلاس میں وزیراعظم کے الیکشن کمیشن سے متعلق الزامات اور بیانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے بیان کی ویڈیو بھی حاصل کر لی ہے۔

خیال رہے کہ قوم سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن سمیت الیکشن کمیشن کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ پر ہوتا توتحریک انصاف کو اتنی ہی سیٹیں ملتی جتنی ملنی تھیں، اپوزیشن نے اسلام آباد سے سینیٹ کی سیٹ پر پیسہ لگایا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور سب سے پہلے تو مجھے یہ بات سمجھ نہیں آئی کہ کیوں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں جاکر کہا کہ خفیہ بلیٹ ہونا چاہیے، کوئی آئین اجازت دیتا ہے رشوت دینے کی؟ کوئی آئین اجازت دیتا ہے چوری کرنے کی۔ 

وزیراعظم نے الیکشن کمیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پھر جب آپ کو سپریم کورٹ نے موقع دیا اور کہا کہ الیکشن خفیہ کروالیں لیکن بیلٹ کی شناخت کا طریقہ رکھیں، مثال کے طور پر آج اگر ہم جاننا چاہیں کہ ہمارے جو 15، 16 لوگ جو بکے ہیں وہ کون ہیں تو آپ نے انہیں بھی بچا لیا سیکرٹ بیلٹ کروا کے۔ آپ نے ہماری جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے اور یہ کونسی جمہوریت ہے جہاں پیسے دے کر کوئی سینیٹر بنتا ہے۔

انہوں نے الیکشن کمیشن سے استفسار کیا کہ جب آپ کو سپریم کورٹ نے موقع دیا تو کیا وجہ تھی کہ آپ 1500 بیلٹ پیپرز پر کوئی بارکوڈ نہ لگاسکے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ملک کی جمہوریت کو ڈی کریڈٹ کرنے کا موقع دیا، اس سے کیا ہوا، آج ہماری جمہوریت اوپر گئی یا نیچے گئے؟ آپ نے ملک کی اخلاقیات کو نقصان پہنچایا ہے، آپ کو اندازہ ہی نہیں کہ کتنا پیسہ چلا ہے سینیٹ الیکشن میں، جو کروڑوں روپے خرچ کرکے سینیٹر بنے گا وہ ملک کی خدمت کرے گا؟ وہ یہ پیسہ کہاں سے ریکور کرے گا؟