واٹس ایپ نے ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشن میں انتہائی زبردست فیچر متعاراف کرا دیا، صارفین کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا

08:45 PM, 4 Mar, 2021

لاہور: دنیا کی سب سے معروف پیغام رسانی کی ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنی ڈیسک ٹاپ ایپ میں وائس اور ویڈیو کالز کے فیچر کا اضافہ کردیا ہے جسے صارفین کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا یہ فیچر ون آن ون کال تک محدود ہو گا تاہم جلد ہی اس میں گروپ کالنگ کے فیچر کا اضافہ بھی کر دیا جائے گا، نئے فیچر کے تحت ڈیسک ٹاپ کالز پورٹریٹ اور لینڈ سکیپ دونوں موڈز پر کام کریں گی۔ ڈیسک ٹاپ ایپ میں کال کا آپشن ایک ری سائز ایبل سٹینڈ الون ونڈو میں ہوگا، جو ٹاپ پر ہوگی تاکہ یہ آپشن اوپن ونڈوز میں گم نہ ہوجائے۔

کمپنی کی جانب سے جاری ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ پر تمام کالز اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوتی ہیں اس لئے کمپنی کالز کو سن یا دیکھ نہیں سکتی، نئے سال کے موقع پر ایک دن میں سب سے زیادہ ایک ارب 40 کروڑ وائس اور ویڈیو کالز کی گئی تھیں جس کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ نیا اضافہ کیا جارہا ہے۔

بلاگ کے مطابق بڑی سکرین پر کالز کرنے سے ساتھیوں کے ساتھ کام کرنا آسان ہوتا ہے، خاندان کو زیادہ بہتر طریقے سے دیکھنا ممکن ہوتا ہے یا کمرے میں آرام سے گھومتے پھرتے بات کی جاسکتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیچر پر کافی عرصے سے کام کیا جارہا تھا اور 2021 کے شروع میں اسے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا تھا، یہ فیچر ان صارفین کیلئے بہت مددگار ثابت ہوگا جو واٹس ایپ کے ویب ورژن کو زیادہ استعمال کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ جنوری میں واٹس ایپ کے ڈیسک ٹاپ اور ویب ورژن میں فنگرپرنٹ یا فیس لاک سے لاگ ان ہونے کا فیچر بھی متعارف کرایا گیا تھا اور اس کے استعمال کیلئے صرف سمارٹ فون میں فنگرپرنٹ سکینر یا فیس لاک کا ہونا ضروری ہے۔ یہ نیا بائیومیٹرک تصدیق کا فیچر بائی ڈیفالٹ ایکٹیو ہوگا اور بس اسی وقت کام نہیں کرے گا جب صارف کی جانب سے فون میں فیس یا فنگرپرنٹ ان لاک کو مکمل سوئچ آف کیا گیا ہو۔

مزیدخبریں