کیا پشاور زلمی پی ایس ایل کے دوران وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ بنی؟ وسیم خان اور سمیع الحسن برنی نے واضح کر دیا

07:31 PM, 4 Mar, 2021

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے دوران کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے کہا ہے کہ اس سب سے اعتماد متاثر ہو ہے جسے دوبارہ حاصل کرنے کیلئے محنت کرنا ہو گئی جبکہ پی سی بی کے ترجمان سمیع الحسن برنی کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی پر وائرس کے پھیلائو کا الزام لگانا غلط ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وسیم خان نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے دوران کورونا وائرس کے کھلاڑیوں اور عملے کے ارکان میں پھیلاؤ کے سبب غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا ہے کیونکہ کھلاڑیوں کا کورونا وائرس میں مبتلا ہونا ہر کسی کیلئے تشویش کی بات تھی، اب کرکٹ شیڈول میں لیگ کیلئے وقت کا تعین کرنا ہوگا تو کر لیں گے، اس سب سے اعتماد متاثر ہوا جسے اب دوبارہ اعتماد حاصل کرنے کیلئے ہمیں محنت کرنا ہو گی۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان سمیع الحسن برنی نے ان الزامات کو رد کیا کہ پشاور زلمی کے بعض ارکان کے بائیو سیکیور ببل سے باہر جانے کی وجہ سے یہ سب ہوا اور کہا کہ پشاور زلمی پر وائرس کے پھیلاؤ کا الزام لگانا غلط ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’ڈیرن سیمی اور وہاب ریاض نے بائیو سیکیور ببل توڑا تھا اور وہ فرنچائز مالک جاوید آفریدی سے ملنے گئے تھے۔‘
سمیع الحسن برنی کا کہنا تھا کہ جاوید آفریدی، ڈیرن سیمی اور وہاب ریاض کے نا صرف ٹیسٹ منفی آئے بلکہ انہوں نے ازخود قرنطینہ بھی اختیار کیا، اس لئے پشاور زلمی پر وائرس کے پھیلائو کا الزام لگانا غلط ہے، اس وقت ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کرکٹ کو ہونے والے نقصان کو جتنا ہو سکے کم کیا جائے۔ 

مزیدخبریں