جیسے ہی پی ڈی ایم ہمیں حکم دیگی ہم تحریک عدم اعتماد لے آئینگے :بلاول بھٹو 

04:53 PM, 4 Mar, 2021

کراچی :چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہر پاکستانی کو نالائق ناجائز حکومت نے 3 سالوں میں تکلیف پہنچائی ،گزشتہ روز ہر پاکستانی نے پی ڈی ایم کی جیت کا جشن منا یا ،عوام نے کٹھ پتلی حکومت کی شکست کا جشن منایا ۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا ہم نے عمران خان کا چیلنج قبول کیا تھا ،کل رات شکست کے بعد پوری حکومت پریس کانفرنس کرنے آئی ،عمران خان نے کہا تھا کہ ہم یہ نشست جیت گئے تو اسمبلی توڑ دینگے ،انہوں نے کہا عمران خان ڈرپوک ہے الیکشن سے ڈرتا ہے ،عمران خان کو اپنے ہی لوگوں نے ریجیکٹ کر دیا ،پہلے اسمبلی توڑنے سے بھاگے اب نیا ڈرامہ سامنے لائے ہیں ،بلاول بھٹو زرداری نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم بتائینگے عدم اعتماد کب اور کہاں ہوگا ۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا اعتماد کا ووٹ لینے کا ڈرامہ اپنی ہار کو چھپانے کی کوشش ہے ،یہ فیصلہ اب آپ نہیں ہم لینگے کہ آپ کو عدم اعتماد کب اور کہاں کرنا ہے ،ہم اپنی جمہوری جدو جہد جاری رکھیں گے ان کو ایکسپوز کرتے رہینگے ،نئے الیکشن کے اعلان کی ہمت نہ تھی تو اخلاقی طور پر اپنا استعفیٰ جمع کرا دیتے ۔

بلاول بھٹو نے پریس کانفر نس میں جہاں اعتماد کے ووٹ سے متعلق بات چیت کی وہیں انہوں نے بڑی خبر دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں پہلے پنجاب کو بچا نا چاہیے ،انہوں نے کہا اس حکومت اب کوئی نہیں بچا سکتا ،پی ڈی ایم کا جو متفقہ فیصلہ ہو گا اس پر عمل ہوگا ،بلاول کا کہنا تھا کہ مجھے پتا ہے کس نے اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دئیے ،عمران خان حکومت نے ہر پاکستانی کا خون چوسا ہے ہم انہیں نہیں چھوڑیں گے ،ہم چیئرمین سینٹ الیکشن میں بھی مقابلہ کرینگے وہاں بھی آپ کا پیچھا نہیں چھوڑینگے ،سنا ہے ابھی حکومت نے اپنے امیدوار کا اعلان کیا ہے ،ہم مل کر لڑیں گے اور مل کر ان کو ٹف ٹائم دینگے ۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ کس نے کس کو ووٹ دیا یہ میں شیئر نہیں کر سکتا ،بہت سے لوگ ایسے تھے جو ووٹ دینا چاہتے تھے لیکن نہیں دے سکے ،ہم عوام کی آواز پارلیمان کے اندر پہنچائیں گے اور انہیں ٹف ٹائم دینگے ،آج خان صاحب نے کہا ہے کہ مجھے ایک ایک نام پتا ہے ،ہم نے پیسوں کی بنیاد پر یہ الیکشن نہیں لڑا ،جہاں تک عدم اعتماد ہے اس کا فیصلہ متفقہ طور پر لیا جائیگا ،انہوں نے کہا جیسے ہی پی ڈی ایم ہمیں حکم دیگی ہم تحریک عدم اعتماد لے آئینگے ۔

مزیدخبریں