پاکستان امن کا داعی ہے،جنگوں کی تاریخ سے تباہی کے سوا کچھ نہیں ملتا :صدر مملکت

08:25 PM, 4 Mar, 2020

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا داعی ہے ، پاکستان نے بھارتی جنگی طیارہ مار گرانے کے باوجود بھارتی پائلٹ کو رہا کردیا تھا ، جنگوں کی تاریخ سے ہمیں تباہی، لوٹ مار اور دوسرے کے استحصال کے سوا کچھ نہیں ملتا، بھارت میں ہزاروں سکھ مارے گئے ، وہاں پر اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔


 صدر مملکت نے کہا کہ عالمی منظر نامے میں مسلسل تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، بدلتی دنیا میں یہ ضروری تھا کہ بنی نوع انسان تاریخ سے سیکھ کر آگے بڑھے مگر گزشتہ دو تین صدیوں میں ہم نے جو تجربات اور مشاہدے کیے ان کے مطابق انسان نے تاریخ سے سبق حاصل نہیں کیا، اگر دنیا نے کچھ سیکھا ہے تو وہ یہ ہے کہ ہتھیار کیسے حاصل کیے جائیں اور جنگین کیسے لڑی جائیں، یہ بات قابل افسوس ہے کہ انسانیت نے برے تجربات سے سبق حاصل نہیں کیا۔

انھوں نے کہا کہ ماضی میں خطوں کا استحصال اور وسائل کی لوٹ مار ہوتی رہی، جنگوں کی تاریخ سے ہمیں تباہی، لوٹ مار اور دوسرے کے استحصال کے سوا کچھ نہیں ملتا، جنگوں سے امن کا حصول ممکن نہیں اور نہ ہی ان سے قوموں کی تعمیر نو ممکن ہوتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہ بھی حقیقت ہے کہ موجودہ دور میں غربت کی شرح میں کمی آئی لیکن انسانوں کے درمیان امتیاز بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان اقتصادی طور پر اپنے آپ کو مضبوط کرنے پر توجہ دے رہا ہے تاہم سرحدوں اور سرحدوں کے پار خطرات موجودہوتے ہیں، ان خطرات اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے حکمت عملی وضع کرنا ضروری ہے، اگر کسی کی ہمسائیگی میں آگ لگ جائے تو اسے بھجانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوتا۔

مزیدخبریں