مظفر آباد:گزشتہ دنوں سے جاری پاک بھارت کشیدگی اور لائن آف کنٹرول پر جنگی ماحول کے باعث بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے 5 افراد شہید جبکہ 32 زخمی ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آزاد کشمیر کے اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے پلوامہ حملے کے بعد لائن آف کنٹرول پر ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔بھارتی جارحیت سے 38 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا، چار مکمل طور تباہ جبکہ 181 خاندان اپنے گھر بار چھوڑ کر چلے گئے۔اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹے سے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے یکم اور دو مارچ کو ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔
بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج نے موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے مختلف بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایل او سی پر فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق مسلح افواج مکمل طور پر الرٹ اور چوکنا ہے۔