لاہور: امن دشمنوں کیخلاف ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائیاں جاری ہیں،حساس اداروں نے چکوال سے 2دہشتگرد گرفتار کرلئے، سبی میں کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے 96مارٹر گولے برآمد ،شہر شہر آپریشن میں سیکڑوں مشتبہ افراد دھر لئے گئے.
کراچی تا خیبر ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، چکوال میں دو دہشتگرد گرفتار کر لیے،ملزمان سے بارودی مواد بھی برآمد کیا۔
سی ٹی ڈی کی کارروائی میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد عماد اور طاہر گرفتار، دہشتگرد راولپنڈی میں تخریب کاری کرنا چاہتے تھے۔
ادھر سبی کے علاقے بارکھان میں سکیورٹی اداروں کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے مارٹر گولے برآمد کرلیے گئے، کاہان کے علاقے چوٹ کیمپ میں بھی دوران آپریشن بھاری تعداد میں گولہ بارود تحویل میں لے لیا گیا۔
ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے اہم رہنماسمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا، دوسری جانب پشاور ،چنیوٹ ،خیر پور اور گھوٹکی میں بھی امن کے رکھوالوں نے مختلف آپریشنز میں سینکڑوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔