بیجنگ :چین کے چینگ ای 6 مشن نے واپسی کاسفر شروع کردیا۔ چین کے چینگ ای 6 مشن نے چاند کے قطب جنوبی سے نمونے اکٹھے کرکے زمین واپسی کا سفر شروع کر دیا ہے۔
پہلی بار دنیا کے کسی ملک کی جانب سے چاند کے اس پراسرار خطے سے نمونے اکٹھے کرکے زمین پر لائے جا رہے ہیں جو چین کے خلائی پروگرام کی بہت بڑی پیشرفت ہے۔سی این ایس اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چینگ ای 6 مشن کے لینڈر نے چاند کی سطح سے پرواز کرکے چاند کے مدار میں موجود آربٹر سے جڑنے میں کامیابی حاصل کی۔
اس طرح یہ پہلا اسپیس کرافٹ بن گیا ہے جس نے چاند کے اس تاریک حصے سے کامیابی سے ٹیک آف کیا۔چینگ ای 6 کے لینڈر نے 2 جون کو چاند کے قطب جنوبی کے شمال مشرقی خطے میں لینڈ کیا تھا۔وہاں کی سطح سے نمونے اکٹھے کرکے لینڈر نے چین کے پرچم کو چاند کے اس تاریک حصے میں لہرایا۔چینگ ای 6 کا زمین واپسی کا سفر 5 دن میں مکمل ہوگا اور وہ شمالی چین پر لینڈ کرے گا۔