ممبئی:بھارت میں مودی کیلئے حکومت بنانا مشکل ہوگیا۔اپوزیشن اتحاد "انڈیا"حکومت سازی کیلئے متحرک ہوگیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کےمطابق اپوزیشن اتحاد نے بی جے پی کی 2 اتحادی جماعتوں کے ساتھ رابطہ کیا ہے۔جنتا دل پارٹی کے رہنما نتیش کمار کو اتحاد میں شامل ہونے پر نائب وزیر اعظم کے عہدے کی آفر کردی ۔
ٹی ڈی پی کو اتحاد کا حصہ بننے پر ریاست آندھرا پردیش کوخصوصی حیثیت دینے کی آفر کی ہے۔رپورٹس کےمطابق جنتا دل پارٹی اور ٹی ڈی پی حکومت سازی میں کنگ میکر کا کردار ادا کریں گی۔دونوں جماعتوں کو ساتھ ملاکر 'انڈیا' الائنس حکومت بنا لے گا۔
بھارت میں لوک سبھا کےانتخابات میں ابتدائی رجحانات میں مودی کی جماعت بی جے پی کے لیے بڑا اپ سیٹ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد بھارتی سٹاک مارکیٹ بھی کریش کرگئی۔بھارت کی 543 رکنی پارلیمنٹ لوک سبھا کے انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی جاری ہے، لوک سبھا میں سادہ اکثریت کےلیے 543 نشستوں میں سے 272 پر کامیابی درکار ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق انتخابات کے نتائج کو دیکھتے ہوئے ابتدائی رجحانات میں مودی کی بی جے پی کو بڑے اپ سیٹ کا سامنا ہے، بی جے پی کو 239 نشستوں پر برتری حاصل ہے اور بی جے پی اتحاد این ڈی 294 نشستوں پر آگے ہے جب کہ کانگریسی اتحاد انڈیا 234 نشستوں پر آگے ہے۔س کے علاوہ اپوزیشن جماعت کانگریس 97 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
گنتی کیے گئے ووٹوں میں راہول گاندھی کو اپنے حریف پر ایک لاکھ 12 ہزار اور مودی کو اپنے مخالف پر 34 ہزاروں ووٹوں کی برتری مل چکی ہے۔بھارت میں مودی کے مینڈیٹ میں کمی کے رجحان کے بعد سٹاک مارکیٹ کریش کرگئی ہے جس میں 4 سالوں کے دوران سب سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بی ایس ای انڈیکس 4378 پوائنٹس کے بعد 72 ہزار 76 پوائنٹس پر آگیا ہے۔اس کے علاوہ سرکاری بینکوں،انفراسٹرکچر اورکیپٹل گڈز فرموں کے حصص میں گراوٹ دیکھی گئی۔بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ بھارتی روپے کی قدر ڈالر کے مقابلے میں کم ہوکر 83.14 ہوگئی ہے۔