وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے صوبائی کابینہ کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ معیشت ابتر ہے‘ مایوسی کے اس عالم میں عوام کو ریلیف دینا اور امید کی کرن بننا ہمارا اولین مقصد ہے۔ اجلاس میں انہوں نے عوامی سہولت پیکیج کی منظوری دی جس میں سستے آٹے کی فراہمی پر 200 ارب روپے کی سبسڈی دینے، 10 کلو آٹا تھیلا 160روپے سستا کر کے 490 روپے میں فروخت کرنے کے فیصلے کی توثیق بھی کی گئی۔
پنجاب حکومت کا سب سے بڑا چیلنج معاشی و اقتصادی بحران سے نمٹنا ہے ۔میاں حمزہ شہباز نے ایسے وقت میںاقتدار سنبھالا جب پنجاب کی عوام کو روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی ، بیروزگاری ،امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال سمیت دیگر سنگین نوعیت کے مسائل کا سامنا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے ملکی و قومی ترقی اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے بھی جارہے ہیں جن میں وزیراعظم کا اعلان کردہ ارب ہا روپے کا ریلیف پیکیج اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے آٹے‘ گھی کے نرخوں میں کمی اور ذخیرہ اندوزی و گراں فروشی کے سدباب کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات بھی شامل ہیں۔
پنجاب کابینہ نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے نئے بورڈ کے قیام کی منظوری دی جس کے وائس چیئرمین خواجہ احمد حسان ہوں گے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کو آگے لے کر جائیں گے۔ جان بوجھ کر رکاوٹیں ڈال کر کابینہ کی تشکیل میں بے پناہ تاخیر کی گئی۔ اللہ تعالیٰ اگر ہم سے مخلوق کی خدمت کا کام لینا چاہ رہا ہے تو کوئی نہیں روک سکتا۔
صوبائی وزیرو ترجمان پنجاب حکومت عطاء اللہ تارڑ نے شوگر ملز مالکان کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ فوری طور پر وہ چینی کی قیمتیں کم کریں وگرنہ حکومت سخت ایکشن لے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی 2 ترجیحات ہیں جن میں عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینا اوران کے جان ومال کا تحفظ کرنا شامل ہے۔ صوبائی کابینہ اجلاس میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر مشاورت اور منظوری دی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کے پروجیکٹ سیاست سے الگ ہونے چاہیے۔اگر حکومت کسی قسم کی کوتاہی کرتی ہے تو اس کی نشاندہی کرنے کا سب کو حق ہے۔ماضی میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنجاب میں تاریخی منصوبے شروع کیے جو ماضی میں کسی حکومت نے مکمل نہیں کیے۔ نوجوانوں کی فلاح کے سب سے زیادہ منصوبے اسی حکومت کے کریڈٹ میں ہیں۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے اور خدمت خلق ہی ہماری جماعت کااوڑھنا بچھونا ہے۔تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر سماجی شعبوں کی ترقی ہماری ترجیحات ہیں۔ پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بے پناہ کام کئے جارہے ہیں اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھار ہی ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل کو برؤے کا ر لایا جارہا ہے۔
عوامی فلاح و بہبود کے حکومتی اقدامات قابل ستائش ہیں۔ آٹے اور چینی کی مہنگائی کے اس دور میں کچھ ذخیرہ اندوزوں نے اشیائے صرف ذخیرہ کر لی ہیں۔ دکانوں پر آٹا، گھی اور چینی کی قلت نظر آرہی ہے۔ اس کے تدارک کیلئے پنجاب حکومت کو چاہیے کہ ذخیرہ اندوزوں پر کڑی نظر رکھے۔بہر حال مہنگائی کی جو بھی وجہ ہو، حکومت کو پریشان عوام کو ریلیف دینا ہے۔ غیر معمولی حالات میں فوری اقدامات کے متقاضی ہیں۔ عام آدمی کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت دورہ مری کے فالو اپ اجلاس میں صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔ یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے گزشتہ دنوں مری کا دورہ کیا تھا اور وہاں صفائی کے ناقص انتظامات اور غیر قانونی تعمیرات کا نوٹس لیا تھا۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق سیاحوں کیلئے سفاری ٹرین بھی چل پڑی ہے اور کھیلوں کے فروغ کیلئے سٹیڈیم پربھی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے اس کے علاوہ مری کی تزین و آرائش کیلئے مال روڈ اور دیگرسڑکوں کے اطراف پودے لگانے کاکام بھی جاری ہے۔ مری کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت جاری ہے جبکہ تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال مری کے قریب تجاوزات کاخاتمہ کر دیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے خالی اراضی پر پارک بنانے کی ہدایت کی۔
میاں حمزہ شہباز نے گزشتہ ماہ دورہ مری میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ایمرجنسی، آئی سی یو، او پی ڈی و دیگر وارڈز کے معائنے کے بعدصفائی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تھی۔ مریضوں کی عیادت کی اور ان سے علاج کے بارے میں دریافت کیا۔ بچہ وارڈ کے دورہ میں بچوں سے مصافحہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کو دور کیا جائے گا اور ڈائلسیز مشینوں کو بھی بحال کیا جائے گا۔ وہ چاہتے ہیں کہ ہسپتال آنے والے ہر مریض کو علاج معالجہ کی معیاری سہولتیں ملنی چاہئیں۔ پوری کوشش ہے کہ ہسپتالوں میں عام آدمی کو بہترین علاج معالجہ ملے۔ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی شروع کر دی ہے۔مفت اوربہترین علاج پنجاب کے ہر شہری کا حق ہے۔ہسپتالوں میں عام آدمی کو معیاری علاج معالجہ فراہم کریں گے۔