لاہور:لاہور کے انارکلی بم دھماکے میں ملوث دو دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں دہشتگرد کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی تحویل میں تھے اور سی ٹی ڈی اہلکار انہیں گزشتہ شب اسلحہ کی برآمدگی کے لیے لے جا رہے تھے کہ لاہور کے علاقے بادامی باغ میں ان کے کچھ ساتھیوں نے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں دونوں گرفتار دہشت گرد مارے گئے۔
واضح رہے کہ سی ٹی ڈی نے 17 مئی کو لاہور کے علاقے انارکلی میں رواں سال کے آغاز میں ہونے والے بم دھماکے میں مبینہ طور پر ملوث دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔
خیال رہےکہ 20 جنوری کو لاہور کے انارکلی بازار میں ہونے والے دھماکے میں تین افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے تھے، جس کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ابتدائی طور پر خدشہ ظاہر کیا تھا کہ یہ گیس سلنڈر کا دھماکہ تھا۔ بعد ازاں تحقیقات سے پتا چلا کہ یہ ایک بم دھماکہ تھا جس کی ذمہ داری دہشتگرد تنظیم بلوچ نیشنلسٹ آرمی نے قبول کی تھی۔