وانا: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے جانوں کی قربانیاں دے کر پاکستان کو بچایا۔
شیخ رشید نے یہ بات دورہ جنوبی وزیرستان کے دوران ایک جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر داخلہ کا جنوبی وزیرستان کے علاقہ وانا پہنچے جہاں انہوں نے سکاؤٹس کیمپ کا دورہ کیا جبکہ قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی۔
جرگے میں موجود عمائدین نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور روایتی پگڑی پیش کی۔ عمائدین نے قیام امن اور علاقائی ترقی کے حوالے سے پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ قبائلی عمائدین نے وزیر داخلہ کو مسائل اور اس حل کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا اس موقع پر اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ قبائلی عوام پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ہیں۔ پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔ پاکستان کے دشمنوں کو مٹانے میں آپ نے قابل قدر قربانیاں دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جرگے کی روایت کا حامی ہوں اور اس علاقے کو اپنی روایات کے مطابق قوانین کا نفاذ ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاک افغان بارڈر پر آمدورفت کے لئے امیگریشن کو آسان بنایا جائیگا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان میں انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے۔ علاقے کو مزید ترقی دینے کے لئے فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ خیبر پختونخوا کے ساتھ ضم کرنے کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے۔ پسماندہ علاقوں کو زیادہ وسائل فراہم کرینگے۔