اسرائیلی جارحیت کیخلاف بھارت نے فلسطینیوں کا ساتھ نہیں دیا: فلسطینی وزیر خارجہ

اسرائیلی جارحیت کیخلاف بھارت نے فلسطینیوں کا ساتھ نہیں دیا: فلسطینی وزیر خارجہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

مقبوضہ بیت المقدس: فلسطین نے اقوام متحدہ میں غزہ میں اسرائیلی حملے کی مذمت پر مبنی قرارداد کی حمایت نہ کرنے پر بھارت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے اہم موقع گنوا دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کی غزہ میں حالیہ بمباری کے خلاف اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پیش کی گئی قرارداد کی بھارت نے حمایت نہیں کی۔
فلسطینی وزیر خارجہ نے بھارتی روئیے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی حکومت نے ظلم کے خلاف عالمی رائے عامہ کی آواز کا ساتھ دینے کا اہم موقع گنوا دیا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ظالمانہ اقدام کے خلاف ہر ملک کو آواز اٹھانی چاہئے تھی لیکن عالمی انسانی حقوق کونسل میں بھارت سمیت 14 ممالک نے مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ نہیں دیا۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ میں غزہ میں اسرائیلی حملے کی مذمت پر مبنی قرارداد پیش کی گئی تھی جس میں اسرائیلی جارحیت کی انکوائری کیلئے کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا گیا تھا تاہم بھارت نے اس کی حمایت نہیں کی تھی۔