فرانس: پیرس میں فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوران میچ فکسنگ کے الزام میں روس کی خاتون کھلاڑی یاناسیزیکووا کو گرفتار کر لیا گیا ہے، مذکورہ کھلاڑی پر الزام ہے کہ وہ گزشتہ سال کھیلے گئے ویمنز ڈبلز کے مقابلے میں ہونے والی میچ فکسنگ میں ملوث ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پروسیکیوٹر آفس کا کہنا ہے کہ یانا سیزیکووا نے پچھلے برس فرنچ اوپن ٹینس کے ڈبلز ایونٹ میں فکسنگ کی تھی۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ 30 ستمبر کو کھیلا گیا تھا جس میں سیزیکووا اور کی پارٹنر کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
یہ میچ آسٹریلوی جوڑی کے خلاف کھیلا گیا جس نے فتح حاصل کی تھی اور ستمبر میں ہی فرانسیسی پراسیکیوٹرز نے ویمنز ڈبلز مقابلے میں میچ فکسنگ کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ یانا سیزیکووا کو جمعرات کو ایونٹ کے پہلے میچ کے بعد حراست میں لیا گیا ہے جبکہ روسی ٹینس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ انہیں کھلاڑی کی گرفتاری سے متعلق پیشگی اطلاع دیدی گئی تھی۔