اسلام آباد: وزارت تجارت کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کے 11 ماہ کے دوران ملکی برآمدات میں گیارہ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وزارت تجارت کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ جولائی تا مئی 2021ء برآمدات 22 ارب 56 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنیں۔ گزشتہ سال مئی کی نسبت برآمدات میں 18.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی برآمدات ایک ارب 65 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہو گئی ہیں جو ایک ارب 39 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھیں۔ تاہم عید کی چھٹیوں کے باعث مئی میں برآمدات متاثر ہوئیں۔
وزارت تجارت کے مطابق امریکا، چین، برطانیہ، افغانستان اور بنگلا دیش کو برآمدات زیادہ رہیں۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا، سری لنکا اور قازقستان کو بھی پاکستانی مصنوعات برآمد کی گئیں۔
مئی میں درآمدات 2 ارب 86 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ پٹرولیم، پام آئل، گندم، سویابین، مشینری، خام مال، کیمیکلز اور فرٹیلائزر کی درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔