ایرون فنچ نے سعید اجمل کو اپنے کیرئیر کا مشکل ترین باؤلر قرار دیدیا

ایرون فنچ نے سعید اجمل کو اپنے کیرئیر کا مشکل ترین باؤلر قرار دیدیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: آسٹریلین کرکٹر ایرون فنچ نے قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق سپنر سعید اجمل کو اپنے کرکٹ کیرئیر کا مشکل ترین باؤلر قرار دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ایرون فنچ نے سوشل میڈیا پر سوال و جواب کے سیشن کے دوران مداح کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سعید اجمل میرے کرکٹ کیرئیر میں مشکل ترین باؤلر ثابت ہوئے۔ 
واضح رہے کہ سعید اجمل نے 35 ٹیسٹ میچز میں 178 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ان کے باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا جانا ان کے کیرئیر کے خاتمے کی ایک بڑی وجہ بنا جس کے باعث انہیں طویل عرصے سے پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔ 
سعید اجمل نے طویل عرصہ انٹرنیشنل کرکٹ سے دور رہتے ہوئے اپنے باؤلنگ ایکشن پر کام کیا اور اسے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) قوانین کے مطابق بنا کر واپس آئے تاہم اس کے بعد وہ اپنا جادو دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ 
سعید اجمل کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے بھی بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ غیر قانونی باؤلنگ ایکشن کے باعث پابندی لگنے کے باوجود بھی وہ ایک لمبے عرصے تک کرکٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر رہے۔