پاکستان سٹیزن پورٹل پرشکایت،بیوہ بہنوں کو22 سال بعد وراثتی حق مل گیا

پاکستان سٹیزن پورٹل پرشکایت،بیوہ بہنوں کو22 سال بعد وراثتی حق مل گیا
کیپشن: پاکستان سٹیزن پورٹل پرشکایت،بیوہ بہنوں کو22 سال بعد وراثتی حق مل گیا
سورس: فوٹو/اسکرین گریب نیو نیوز

اسلام آباد: پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایت پر فوری دادرسی کے نتیجہ میں راولپنڈی کی دو بیوہ بہنوں کو 22 سال کے بعد وراثتی جائیداد کا حق مل گیا۔

پرائم منسٹر ڈیلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو) کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق دو بیوہ بہنوں تنظیم اختر اور تنویر سہراب نے اپنی وراثتی زمین پر قبضہ اور وراثت کی تقسیم کے معاملہ کے حوالہ سے پاکستان سٹیزن پورٹل پرشکایت کی تھی جس پر وزیراعظم عمران خان نے فوری نوٹس لیا۔

دونوں بیوہ بہنوں کی پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایت میں کہا گیا تھا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے بنا موقف جانے ان کی شکایت کو خارج کیا لہذا ہماری دادرسی کی جائے۔پی ایم ڈی یو کے مطابق وزیراعظم نے چیف سیکرٹری پنجاب کو اس حوالے سے انکوائری کی ہدایت کی تھی۔ وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی تھی کہ راولپنڈی ڈویژن کے تمام ریونیو افسران کی کارکردگی کی جانچ پڑتال کی جائے۔

وزیر اعظم کے حکم نامہ میں کہا گیا کہ اعلی افسران اپنے ماتحت افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیں۔ راولپنڈی کے سرکاری افسران کی کارکرگی رپورٹ جلد وزیراعظم آفس بھیجیں۔ سرکاری افسران کے عوامی شکایات سے متعلق ڈیش بورڈز کی جانچ پڑتال کی جائے، افسران عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔

دریں اثناء دونوں بیوہ بہنوں تنظیم اختر اور تنویر سہراب نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ دن ہمارے لئے انتہائی خوشی کا دن ہے جب 22 سال کی جدوجہد کے بعد ہمیں ہمارا وراثتی حق ملا ہے، اس پر ہم اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں اور ان کے لئے دعا گو ہیں۔