لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے مسافر طیارے کو بطور کارگو استعمال کرنے کی اجازت دیدی ہے اور اس حوالے سے ہدایت نامہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حفاظتی انتظامات کے ساتھ مسافر بردار جہاز بطور کارگو استعمال ہوسکتا ہے تاہم کارگو لوڈ کرتے وقت حفاظتی انتظامات مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
منیجر فلائٹ سروسز نے متعلقہ حکام کو مراسلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ سامان کی اونچائی سیٹ سے زیادہ نہ رکھی جائے جبکہ چوتھی اور پانچویں قطار کے بعد ایک قطار کو خالی رکھا جائے۔
مراسلے کے مطابق سامان ٹھیک سے باندھا اور ایسے رکھا جائے کہ ہنگامی صورت حال میں جگہ میسر ہو جبکہ جہاز کے ٹوائلٹ اور گلی میں کارگو کا سامان نہ رکھا جائے، خطرناک کارگو متعلقہ قوانین کے تحت لوڈ کیا جائے اور اسے کیبن میں نہ رکھا جائے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کیبن کریو ہرنصف گھنٹے بعد کارگو کو چیک کرنا یقینی بنائے، ناہموار فلائٹ ہونے پر کارگو میں کسی تبدیلی یا خرابی کو فوری رپورٹ اور حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ کسی بھی طرح کے نقصان سے بچا جا سکے۔