ایم ڈی کیٹ کا آن لائن امتحان 30 اگست سے 30 ستمبر تک ہو گا

06:20 PM, 4 Jun, 2021

اسلام آباد: میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (ایم ڈی کیٹ) کا امتحان 30 اگست سے 30 ستمبر تک آن لائن ہوگا اور کل صبح سے رجسٹریشن کا آغاز ہوجائے گا۔

پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) کے صدر ڈاکٹر تقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلیبس کی کونسل کی جانب سے منظوری دے دی گئی ہے۔

نائب صدر پی ایم سی علی رضا نے کہا کہ پہلی دفعہ پاکستان میں کمپیوٹرائزڈ امتحان ہوگا، کل صبح سے رجسٹریشن کا آغاز ہوجائے گا۔ 60 ہزار سے زائد بچوں کی رجسٹریشن پہلے سے ہی ہوچکی ہے۔

علی رضا نے کہا کہ نیشنل لائسنسنگ امتحان کیلئے فارن گریجویٹس کی رجسٹریشن ہوئی ہے۔ نومبر اور دسمبر میں پاکستانی گریجویٹس امتحان دے سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر میڈیکل کالج پر لازمی ہے کہ 30 جون تک کالجز کے داخلے کھولے جائیں۔ میرٹ لسٹ سے پہلے بچے کا داخلہ نہیں ہوسکے گا اور وہ پبلک کی جائے گی۔

علی رضا نے کہا کہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں باہر سے پاکستان آنے والے ڈاکٹرز کا امتحان ہوگا۔ ہمارے پاس اڑھائی لاکھ سے زائد ڈاکٹرز رجسٹرڈ ہیں جن کا ہمیں پتہ ہی نہیں کہ وہ زندہ بھی ہیں یا نہیں۔ اس لیے ہم بائیؤ میٹرک شروع کر رہے ہیں۔

نائب صدر پی ایم سی نے کہا کہ رجسٹریشن کیلئے 45 دن کا ٹائم ہے اس کے بعد لائسنس کینسل کردیا جائے گا۔ سارے لائسنس اب ڈیجیٹل کر دیئے جائیں گے۔ ڈاکٹرز کا قومی شناختی کارڈنمبر ہی ان کا لائسنس کا نمبر ہوگا۔

مزیدخبریں