راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پانی کے معاملے پر سندھ حکومت سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے سوا کچھ نہیں کر رہی، پیپلزپارٹی کے صوبائی وزرا کی جانب سے پانی کے معاملے پر جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈہ مسلسل جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب بڑا بھائی ہے اس لئے ہم ہر صوبے کو سپورٹ کریں گے لیکن پنجاب کے عوام کے حقوق پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے، پانی جیسے حساس معاملے پر سندھ حکومت کا منفی رویہ سمجھ سے بالا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے مزید کہاکہ پانی پر سیاست کی جارہی ہے، سندھ، پنجاب میں پانی کا تنازع صرف وفاق کو کمزرو کرنے کی سازش ہے، پنجاب بڑا بھائی ہونے کے باعث پہلے بھی قربانی دیتا رہا ہے، سندھ میں وڈیرے پانی چوری کرتے ہیں اور سندھ حکومت اس چوری پر پہرا دیتی ہے، پانی کی تقسیم کیلئے ڈیجیٹل سسٹم ہونا چاہیے۔
فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ میڈیا پر آ کر صوبائیت کا پرچار کیا جاتا ہے جس کا کوئی فائدہ نہیں، روزانہ میڈیا پر بیٹھ کر پنجاب کو گالیاں دینا سندھ کارڈ کھیلنے کے مترادف ہے، سندھ حکومت اس معاملے پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے علاوہ کچھ نہیں کر رہی اور پانی کے معاملے پر مسلسل جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ سالانہ منصوبے میں 36 کلو میٹر رنگ روڈ کا بجٹ رکھا جائے گا اور اس منصوبے میں کرپشن کے مرتکب افراد کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔پی ٹی آئی ایک خاندان ہے اور خاندان میں پھلجھڑیاں، پٹاخے چلتے رہتے ہیں، بجٹ کی منظوری کیلئے پی ٹی آئی کا ہر ممبر عمران خان کی حمایت کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی سے سیاحت کی بحالی تک سفر شروع کیا ہے، پاکستان کو مشکل صورتحال سے نکالنے کیلئے انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس جانا پڑا۔ مریم نواز شریف کی طرز سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وہ اب اپنے چچا کو بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔