جنوبی کوریا، سینیئر افسر کی زیادتی پر خاتون اہلکار کی خودکشی، ایئر چیف مستعفی

06:00 PM, 4 Jun, 2021

سیئول: جنوبی کوریا میں فضائیہ کی جونیئر خاتون افسر نے سینئر کی جانب سے زیادتی کا نشانہ بنائے جانے پر خودکشی کرلی جس پر پیدا ہونے والے عوامی دباؤ کے پیش نظر ایئر چیف کو عہدے سے مستعفی ہونا پڑا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے ایئر چیف آف اسٹاف جنرل لی سیئونگ یونگ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔ جنوبی کوریا کے صدر مون جی ان نے ایئر چیف کا استعفیٰ منظور کرلیا۔

ایئر چیف کا استعفیٰ اس وقت سامنے آیا جب ایک روز قبل ہی وزارت دفاع نے انکوائری رپورٹ میں انکشاف کیا کہ مارچ کے ماہ میں خاتون افسر کو رات کے کھانے سے واپسی پر کار میں سینیئر افسر نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب خاتون اہلکار کے والدین نے پٹیشن دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ان کی بیٹی نے سینیئر آفیسر کی جانب سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے پر خودکشی کی۔ اس پٹیشن پر خاتون افسر کے حق میں ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔

اس سے قبل 2017 میں بھی جنوبی کوریا بحریہ کے سینیئر افسر نے نیوی کی خاتون اہلکار کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا جس پر خاتون نے خودکشی کرلی تھی اور سینیئر عہدیدار کو 15 سال قید کی سزا دی گئی تھی جب کہ 2013 میں زیادتی کو کوشش پر ایک سپروائزر کو 2 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

مزیدخبریں