محکمہ سیاحت کا بڑا کارنامہ ،خیبرپختونخواہ میں پرکشش کیمپنگ پاڈز قائم کردیئے

04:56 PM, 4 Jun, 2021

کیلاش ، محکمہ سیاحت خیبر پختون خوا نے سیاحوں کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر کشش کیمپنگ پاڈز قائم کر دیئے۔

تفصیلات کے مطابق کے پی محکمہ سیاحت نے حال ہی میں وادی کیلاش کے تاریخی اہمیت کے حامل سیاحتی مقام بمبوریت میں کیمپنگ پاڈز قائم کیے ہیں، جن میں دوران سیاحت سیاح پُرسکون ماحول میں قیام کر سکیں گے، یہ جنت نظیر سیاحتی مقام سیاحوں کے لیے اس سیزن یعنی جون کے مہینے میں کھول دیا جائے گا۔ 

سیاح ان خوبصورت کیمپنگ پاڈز میں قیام کر کے وادی کیلاش کے خوب صورت نظاروں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ 

 محکمہ سیاحت کے ترجمان سعد بن اویس نے بتایا کہ پاڈز 2 اور 4 بیڈز پر مشتمل ہیں، دو بیڈز کے 3 ہزار روپے اور چار بیڈز کے 5 ہزار روپے رات کا کرایہ ہے، ان پاڈز میں قیام کے لیے سیاح ٹیلی فون پر رابطہ کر کے اپنے لیے بکنگ کر سکتے ہیں۔ 

پاڈز کے ساتھ ایک کچن بھی ہے، سیاح اپنے ساتھ خود بھی کھانے پکانے کے لیے سامان لے جا سکتے ہیں اور اپنے لیے کھانا پکا سکتے ہیں اور اگر خود نہیں بنانا چاہتے تو وہاں پر باورچی بھی ہر وقت موجود رہتا ہے۔ 

محکمہ سیاحت خیبر پختون خوا کے ترجمان کے مطابق اب تک 10 سیاحتی مقامات میں 260 بیڈز پر مشتمل کیمپنگ پاڈز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 6 مقامات ٹھنڈیانی، شاران، بیشیگرام، یخ تنگی، شیخ بدین اور گبین جبہ میں قائم پاڈز سیاحوں کے لیے پہلے سے کھول دیے گئے ہیں۔ 

محکمہ سیاحت کے ترجمان نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیاحتی مقامات کی سیر کے لیے ضرور جائیں لیکن صفائی کا خیال رکھیں تاکہ سیاحتی مقامات کا قدرتی حسن متاثر نہ ہو۔

مزیدخبریں