اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پولیس پر حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نےکہا کہ کچھ عرصے سے اسلام آباد میں دہشتگردی کے واقعات بڑھ رہے ہیں، شہر میں پولیس پر حملوں پر تشویش ہے۔ رات کو بھی ایک ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل شہید ہوئے ہیں، ہمارے دور میں پولیس شہدا کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو سیف سٹی بنانے کے لیے 150 موٹرسائیکل ایگل اسکواڈ اسی ہفتے بنائے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ 2 روزہ دورے پر شمالی اور جنوبی وزیرستان بارڈر مینجمنٹ دیکھنے جا رہا ہوں، افغانستان کی طرف اوپن بارڈرز پر فینسنگ لگا رہے ہیں جو دومہینوں میں مکمل ہوجائے گی جب کہ سال کے آخر تک افغانستان اور ایران بارڈرزپر فینسنگ مکمل ہو جائے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان حکومت کی خواہش ہے کہ تمام باڈرز پر ایک ایسا سسٹم لایا جائے جس میں داخلے کی الیکٹرونک انٹری اور ایگزٹ ہو۔