اسلام آباد: نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ سے اسلام آباد پولیس کے شہید ہونے والے دونوں ہیڈ کانسٹیبلز سید بشیر شاہ اور اشتیاق کی نماز جنازہ پولیس لائن ہیڈکواٹرز میں ادا کر دی گئی۔
نیو نیوز کے مطابق شہید ہونے والے دونوں اہلکاروں کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔شہیدوں کے جسد خاکی کو آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی آپریشنز نے کندھا دیا۔
شہید ہیڈ کانسٹیبل سید بشیر شاہ کا جسد خاکی آبائی گاؤں ملکیال ہری پور جبکہ ہیڈ کانسٹیبل اشتیاق کا جسد خاکی آبائی گاؤں دھریزی ضلع سرگودھا رونہ کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ وفاقی دار الحکومت کی شمس کالونی میں ایگل اسکواڈ نے موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی۔ ملزمان کے نہ رکنے پر تعاقب کیا گیا تو ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اہلکار اشتیاق اور بشیر شاہ شہید ہو گئے تھے۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ شہیدوں نے شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا۔ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتی۔اسلام آباد پولیس کا ہر افسر و جوان سماج دشمن عناصر کے سامنے سیسہ پلائی دیوارکی مانند کھڑا ہے۔