اسلام آباد: بھارت اور کشمیر کے معاملے پر حکومت نے اپوزيشن لیڈر شہباز شریف اور بلاول بھٹو کو دفتر خارجہ میں بریفنگ دینے کی پیشکش کر دی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ دعوت دیتے ہیں شہباز شریف اور بلاول دفتر خارجہ آئيں وہ انہيں خطے کی بدلتی صورتحال اور بھارتی عزائم پر بریفنگ دیں گے اور اگر وہ نہيں آ سکتے تو مجھے بلائيں ، میں ان کے پاس جانے کو تیار ہوں۔ کیوں کہ قومی معاملات پر نہ میری کوئی انا ہے نہ ضد ، اہم نوعیت کے مسئلے پر قومی اتفاق رائے ہونا چاہیے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے ارادے اور طرح کے ہیں ، وہ بہانے تلاش کررہا ہے، بھارت فالس فلیگ آپریشن کا جواز پیدا کرنا چاہ رہا ہے، بھارتی حکومت کا اپنے ایجنڈے پر کاربند رہنا اور خطے کے امن و سکون کو متاثر کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے بھی کہا تھا کہ بھارت پاکستان کیخلاف فالس فلیگ آپریشن کیلئے اسٹیج تیار کررہا ہے تاہم پاک فوج اسے بھرپور قوت سے جواب دے گی جس کا مظاہرہ بھارت گزشتہ برس فروری میں دیکھ چکا ہے۔