قائم مقام پاکستانی ہائی کمشنر سے انڈین خفیہ اہلکاروں کی بدتہذیبی

06:19 PM, 4 Jun, 2020

نئی دہلی: نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کر دیا گیا۔ اطلاعات ہیں‌ کہ انڈین خفیہ ادارے کے اہلکاروں‌ نے قائم مقام پاکستانی ہائی کمشنرسے بدتہذیبی کی ہے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق نئی دہلی میں بھارتی حکام پاکستانی ناظم الامور اور قائم مقام ہائی کمشنر کا راستہ روکتے رہے۔ سید حیدر شاہ کی گاڑی کا راستہ بار، بار بھارتی خفیہ ایجنسی کے حکام کی جانب سے روکا گیا۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب سینئر سفارتکار دفتر سے گھر جا رہے تھے۔ سید حیدر شاہ کی گاڑی کا راستہ روک کر بدتہذیبی بھی کی گئی۔ پاکستان نے واقعہ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی اقدام ویانا کنونشن برائے سفارتی تعلقات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ دنوں بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن کے دو اہلکاروں کو 24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامور کو بھجوائے گئے مراسلہ میں مودی سرکار نے الزام لگایا کہ دونوں اہلکار سفارتی آداب کے برعکس سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

مراسلہ میں کہا گیا کہ اس لیے دونوں اہلکاروں کو 24 گھنٹے میں بھارت سے جانا ہو گا۔ مراسلہ میں دونوں اہلکاروں کی کسی بھی غیر اخلاقی یا غیر سفارتی سرگرمی کا ذکر نہیں کیا گیا۔

مزیدخبریں