لاہور :کچھ پی ایس ایل فرنچائز مالکان اپنی ٹیمیں فروخت کرنے کا سوچ رہے ہیں، شعیب اختر کا دعویٰ ہے کہ کرونا وائرس بحران کے باعث اگلے سال پاکستان سپر لیگ کا انعقاد مشکل ہے، دنیا کی دیگر کرکٹ لیگز بھی متاثر ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور دنیا کے سب سے تیز ترین فاسٹ باولر شعیب اختر کی جانب سے پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے تشویش ناک دعویٰ کیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر آئے روز کوئی نا کوئی بیان داغ کر خبروں کی زینت بنے رہنے والے شعیب اختر کا اس مرتبہ دعویٰ ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے کئی فرنچائز مالکان اپنی ٹیمیں فروخت کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
وہ ایسے مالکان کو جانتے ہیں جو اس سلسلے میں سنجیدگی سے غور و فکر کر رہے ہیں۔شعیب اختر کا دعویٰ ہے کہ اگلے سال بھی پاکستان سپر لیگ کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے۔
شعیب کا کہنا ہے کہ اگر ستمبر تک کرکٹ کی سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال نہیں ہوتیں، تو یہ کیسے ممکن ہے کہ 4 ماہ بعد پاکستان سپر لیگ کا انعقاد کروایا لیا جائے گا۔ ان کی رائے میں اگلے 16 سے 18 ماہ سے قبل پاکستان سپر لیگ کا انعقاد انہیں ممکن دکھائی نہیں دیتا۔ جبکہ عین امکان ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا بھی 8 ماہ تاخیر سے انعقاد ہو۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 5 ایڈیشن بھی تاحال مکمل نہیں ہوا۔کرونا وائرس پھیلاو کے باعث ٹورنامںٹ کے ناک آوٹ اسٹیج کے میچز ملتوی کر دیے گئے تھے۔
پی سی بی ملتوی کیے گئے میچز رواں برس کے آخر میں کروانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ تاہم شعیب اختر کی رائے میں انہیں ایسا ممکن دکھائی نہیں دے رہا۔ اگر پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز اور پی ایس ایل 6 کا انعقاد ممکن نہیں ہو پاتا، تو اس سے پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائزز کو بھاری مالی نقصان ہو گا۔