کراچی:قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میاں داد نے کوورنا وائرس کے خطرے کے باعث قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ پر اعتراض اٹھا دیا تاہم انہوں نے کہا کہ اگر دورہ انگلینڈ ضروری بھی ہے اس کیلئے مشاورت کے ساتھ حفاظتی اقدامات کو حدممکن طور پر یقینی بنایا جائے۔
کراچی میں اپنے نام سے منسوب پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 62 سالہ جاوید میانداد نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے انگلینڈ کی صورتحال پاکستان سے زیادہ خراب ہے بلکہ اس کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا مشکل میں ہے ، پاکستان کرکٹ ٹیم کو بہت سوچ سمجھ کے دورہ انگلینڈ پر جانا ہوگا، جانوں کا تحفظ سب سے زیادہ اہم ہے ، انگلینڈ کے دورے کے موقع پر کھلاڑیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے ، دیکھا جائے کہ انگلینڈ کا دورہ پاکستان کیلئے موزوں بھی ہے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے پابندیوں پر پی سی بی سوچ سمجھ کر فیصلے کرے .
سوشل میڈیا آزادی اظہار کا بہترین ذریعہ ہے ، شعیب اختر تنازع ایف آئی اے میں نہیں جانا چا ہئے ، پی سی بی کے بڑوں کو یہ معاملہ گفتگو وشنید سے سلجھا لینا چاہئے۔
پی سی بی سے چھوٹے درجے کے ملازمین کونکالنے کے حوالے سے جاوید میاں داد نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس حوالے سے بہت دیکھ بھال کر اقدامات کرے ، پی سی بی کو ہر ایک کے ساتھ درست اورشفاف طریقہ سے برتاؤ اپنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ جن میدانوں پر بااثر افراد نے قبضہ کررکھا ہے حکومت اسے واگزار کرائے ، کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا ہم سب کے مفاد میں ہے۔