لندن:انگلش آل راﺅنڈر بین سٹوکس فٹنس مسائل کے باعث سکاٹ لینڈ کے خلاف واحد ون ڈے اور آسٹریلیا کے خلاف شیڈول ون ڈے سیریز کے ابتدائی میچز سے باہر ہو گئے۔
ان کی جگہ کو پر کرنے کیلئے ڈیوڈ میلان اور ثام بلنگز کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ، سٹوکس پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی تیاری کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے جس کی وجہ سے وہ دوسرا ٹیسٹ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔
یہ بھی پڑھیئے:محمد عامر کسی سینئر کی بات سننے کو تیار نہیں، وسیم اکرم
انگلینڈ اور سکاٹ لینڈ کے درمیان واحد ایک روزہ میچ 10 جون کو کھیلا جائے گا جبکہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 13 جون سے ہوگا۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈاکٹرز نے سٹوکس کی انجری کا جائزہ لینے کے بعد انہیں مزید آرام کا مشورہ دیا ہے جس کی وجہ سے وہ سکاٹ لینڈ کے خلاف ملک کی نمائندگی نہیں کریں گے۔
اگلے ہفتے ڈاکٹرز دوبارہ ان کا معائنہ کریں گے جس کے بعد ان کی کینگروز کے خلاف سیریز میں شرکت کے بارے معلوم ہوگا ، سٹوکس کے کور اپ کے طور پر ڈیوڈ میلان اور ثام بلنگز کو سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔