ممبئی : حال ہی میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ کی فلم ”ویرے دی ویڈنگ“ میں اہم کردار نبھانے والی اداکارہ سوارا بھاسکر نے پاکستان کے خلاف زہر اگلا تو پاکستانی آرٹسٹ نے بھی سوارا بھاسکر کو آئینہ دکھا کر ان کی ماضی میں پاکستان سے متعلق کی گئی گفتگو یاد دلادی۔
تفصیلات کے مطابق ایک پروگرام کے دوران جب بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر سے پوچھا گیا کہ پاکستان میں آپ کی فلم پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اس سے متعلق آپ کی کیا رائے ہے؟ تو سوارا بھاسکر نے دیگر متعصب بھارتیوں کی طرح پاکستان کو ایک ’ ناکام ریاست‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کو اتنی اہمیت کیوں دیں؟ پاکستان ایک ناکام ریاست ہے جہاں تمام بری چیزیں ہوتی ہیں۔
سوارا بھاسکر کے اس بیان کے بعد پاکستانی اداکارہ عروہ حسین نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر سوارا بھاسکر کی پاکستان کے دورے کے دوران بنائی گئی ایک ویڈیو شئیر کی جس میں اداکارہ سوارا بھاسکر نے پاکستانی پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان اور یہاں کے رہنے والے لوگوں کی تعریفوں کے پل باندھے تھے اور کہا تھا کہ میں دنیا کے بہت سارے ممالک میں گئی ہوں لیکن وہ سارے ملک لاہور کے آگے بے کار ہیں۔
عروہ حسین کا اپنے ٹویٹر پیغام میں کہنا تھا کہ آپ نے ہی پاکستان کو دنیا کا بہتر ملک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں آج تک جہاں جہاں گئی پاکستان ان میں سب سے بہتر ہے، یہاں کے لوگ بہترین مہمان نواز اور بڑے دل والے ہوتے ہیں۔
عروہ حسین نے بھارتی اداکارہ کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ آپ اس ملک سے تعلق رکھتی ہیں جس نے اپنی ہی فلم ’پدماوت‘ پر پابندی عائد کردی تھی۔ آپ عورتوں کے حقوق کی بات کرتی ہیں؟ آج کے بعد عورتوں کے حقوق کی بات مت کیجیے گا۔
عروہ حسین نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ آپ کے اپنے بیانات میں تضاد ہے۔پاکستان ناکام ریاست نہیں ہے لیکن آپ لازماً ایک کمزور اور ناکام انسان ہیں۔
اس کے بعد سوارا بھاسکر کو ان کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا لیکن سوارا بھاسکر نے اپنے اوپر ہونے والی تنقید پر برا ماننے کی بجائے اس کو کھلے دل سے تسلیم کیا، مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سوارا بھاسکر نے ایک تصویر شئیر کی جس میں انسٹاگرام پر موجود ایک پاکستانی پیج کا اسکرین شاٹ تھا۔
بھارت کے ایک شہری نے سوارا بھاسکر کے انسٹاگرام اکاونٹ سے پوسٹ کی گئی ایک تصویر کمنٹ کیا اور کہا کہ اس پوسٹ پر موجود تمام پاکستانی بھائیوں کو میں بتانا چاہتا ہوں کہ یہ ہمیں بھی نہیں پسند۔ بھارتی شہری کے اس کمنٹ کا اسکرین شاٹ فرنٹ پیج پی کے نام کے اکاونٹ سے شئیر کیا گیا ، ساتھ ہی لکھا تھا کہ دونوں ممالک میں اب بھی کچھ ایسے لوگ موجود ہیں جو پاکستان اور بھارت کی دوستی کو فروغ دینا چاہتے ہیں، بی گریڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کو پہلی مرتبہ بڑے بجٹ کی فلم ملی جس پر اس نے پاکستان کے خلاف بولنا شروع کر دیا۔اور اسی وجہ سے اس کے اپنے ملک سے بھی اسے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس اسکرین شاٹ کو پوسٹ کرتے ہوئے سوارا بھاسکر نے لکھا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ پاک بھارت امن افق پر ہے۔
ایک اور ٹویٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ دشمن کا دشمن دوست ہوتا ہے۔اگر میرا بیان پاکستان اور بھارت میں دووستی کی وجہ بن رہا ہے تو مجھے دشمن بننا بھی قبول ہے۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو امن اور محبت کا پیغام بھی دیا۔