برمنگھم: آئی سی سی چیمپینز ٹرافی میں بھارت کیخلاف اہم ترین میچ میں فاسٹ باﺅلر جنید خان کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ عمر اکمل کی جگہ انگلینڈ جانے والے حارث سہیل اور ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو سے اب تک محروم فخر زمان کو بھی ابھی مزید انتظار کرنا ہو گا۔
ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے مطابق بھارت کے خلاف میچ کیلئے 12 کھلاڑیوں کے نام شارٹ لسٹ کر لئے گئے ہیں جن میں احمد شہزاد، اظہر علی، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، سرفراز احمد، عماد وسیم، محمد عامر، شاداب خان، وہاب ریاض، فہیم اشرف اور حسن علی کے نام شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فاسٹ باﺅلر جنید خان کو بھارت کے خلاف میچ نہیں کھلایا جائے گا جس پر پاکستانی حیرت کیساتھ ساتھ غم و غصے میں بھی مبتلا ہیں۔ جنید خان کی بھارت کے خلاف بالخصوص ویرات کوہلی کے خلاف کارکردگی انتہائی متاثر کن ہے۔ انہوں نے ویرات کوہلی کو اب تک مجموعی طور پر 22 گیندیں کروائی ہیں جن پر صرف 2 رنز پڑے ہیں اور انہیں 3 مرتبہ آﺅٹ کرنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔
اسی طرح خراب فٹنس کے باعث واپس آنے والے عمر اکمل کی جگہ قومی سکواڈ میں شامل ہونے والے حارث سہیل کو بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا جبکہ فخر زمان کو بھی اپنے ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کیلئے مزید انتظار کرنا ہو گا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.