ترکی میں گزشتہ 15 سال سے ایک ہی دسترخوان پر افطاری کرنے والا گاوں

10:59 AM, 4 Jun, 2017

انقرہ : ترکی میں ایک گاوں کے لوگ گذشتہ 15 سال سے رمضان کے دوران ایک ہی دستر خوان پر افطاری کرتے ہیں۔العربیہ ٹی وی کے مطابق ترکی کی ریاست یوزغات کے نواحی علاقے کارلی کے تمام مرد وخواتین ماہ صیام آتے ہی باہمی رنجشیں بھلا کر محبت و بھائی چارے کے ناقابل بیان رویے کا اظہار کرتے ہیں اور پورا ماہ ایک دستر خوان پر افطاری کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کارلی ایک چھوٹا قصبہ ہے جس میں 30 گھر ہیں۔ گاوں کے تمام افراد ایک مقامی مسجد کے زیر انتظام سماجی بہبود مرکز میں افطاری سے قبل جمع ہوتے ہیں۔گاو¿ں کے میئر رجب ضویغو کا کہنا ہے کہ گاوں میں تیس کنبے ہیں اور پورے ماہ صیام کے دوران روزانہ ایک کنبے کو افطاری کے انتظامات اور کھانے بنانے کی ذمہ داری سونپی جاتی ہے۔

اس کے باوجود دوسرے پڑوسی بھی ان کی مدد کرتے ہیں۔انہوں نے توقع ظاہر کی مستقبل میں بھی محلے کے تمام افراد اسی طرح شیر وشکر رہیں گے اجتماعی افطاری، اخوت اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اہل محلہ کی اجتماعی افطاری کی برکت ہے کہ یہاں پر کسی کو دوسرے سے کوئی شکوہ نہیں۔ ہم ایک خاندان کے افراد کی طرح ایک دوسرے کے دکھ اور درد میں شریک ہوتے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

مزیدخبریں