لاہور: وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کاکہنا ہےکہ ہتک عزت قانون پر تنقید کی پروا نہیں، غلط الزام لگانے پر سزا ملے گی۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہتک عزت قانون پر تنقید کی پروا نہیں، غلط الزام لگانے پر سزا ملے گی۔
مریم نواز نے مزید کہاکہ ہتک عزت قانون کی جتنی ضرورت پاکستان میں آج ہے اس سے پہلے کبھی نہ تھی، کیوں کہ سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کا غلط استعمال جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ جس کے پاس مائیک ہے وہ سمجھتا ہے کہ مجھے پوری آزادی ہے کہ میں کسی کی عزت اچھال دوں، کسی کی پکڑی اچھال دوں، کسی پر تحمت لگادوں لیکن مجھ سے کوئی سوال نہیں کرے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہتک عزت قانون پر جب لوگ اعتراض کرتے ہیں تو مجھے سمجھ نہیں آتی کہ وہ کیا کہنا چاہ رہے ہیں، یعنی ہم ہتک کریں گے لیکن ہمیں سزا نہ دی جائے، ہمیں پوچھا نہ جائے۔انہوں نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین کے لیے فعال کردار کی آج بہت ضرورت ہے، سوات جیسے تشویشناک واقعات کی روک تھام ضروری ہے، قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اور اپنی عدالت گلی محلوں میں لگانے کی اجازت قطعاً نہیں دینی چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ہمارا مذہب امن اور محبت کا مذہب ہے، جب کوئی جرم ثابت ہوتا ہے تو اس جرم کے تدارک کیلئے مجرم کو پکڑنا بھی چاہیے اور قانون کےحوالے کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے میڈیا کا بہت احترام ہے کیوں کہ میڈیا کا بہت مثبت کردار بھی ہے لیکن کسی کو بھی بغیر ثبوت کے عزت اچھالنے اور الزام تراشی کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور اس پر میری ذات پر جتنی بھی تنقید کریں، مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔