راولپنڈی : پی ٹی آئی رہنمائوں کو بانی سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی ۔ بانی پی ٹی آئی نے ناراض اراکین کو ملاقات کے لیے طلب کیاہواتھا لیکن پی ٹی آئی کے اراکین جب بانی سے ملاقات کےلیے اڈیالہ پہنچے تو ان کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔
اس بار ے میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ ہم اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی سے ملنے آئے تھے مگر ہمیں دھوپ میں کھڑا رکھا اور ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم یہاں آتے ہیں تو ہیں ملنے سے روکا جاتا ہے۔ اس کڑی دھوپ میں بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شبلی فراز سینیٹ میں لیڈر آف اپوزیشن ہیں، میں قومی اسمبلی کا لیڈر آف اپوزیشن ہوں، ہمیں آج قیدی سے ملنے سے روکا گیا۔عمر ایوب کا کہنا تھا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں 4 گھنٹے روک کے، ہمیں ذہنی تناؤ کا شکار کر کے ہمیں کمزور کردیں گے تو ان کا دماغ خراب ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک پیج پر ہے، ہم سب ایک ہیں، ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔