پی ٹی آئی کو 6 جولائی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مل گئی

پی ٹی آئی کو 6 جولائی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مل گئی

اسلام آباد : اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دیدی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے این او سی جاری ہونے پر درخواست نمٹا دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے کیس کی سماعت کی۔اسٹیٹ کونسل نے ڈپٹی کمشنر کی طرف سے این او سی جاری کرنے سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا  کہ پی ٹی آئی کو ترنول چوک کے پاس 6 جولائی کو جلسے کی اجازت دیدی ہے۔


پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین  نے کہا کہ 26 جون کو عدالتی حکم پر درخواست گزار کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات ہوئی، ڈپٹی کمشنر نے این او سی جاری کرنے کا کہا کہ  26 جون سے کل تک ڈپٹی کمشنر سے 20 دفعہ رابطہ کیا۔


جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ ضلعی انتظامیہ نے آپکو جلسے کی اجازت تو دے دی ہے، ہر بات پر جھگڑا تو نہیں کر سکتے، جس پر  شعیب شاہین نے جواب دیا کہ  ہمیں این او سی نہیں دیا گیا بلکہ آج ایک دن پہلے عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے،ہمیں جلسے کی تیاری کیلئے وقت ہی نہیں دیا گیا۔


جسٹس بابر ستار نے مزید ریمارکس دیے کہ چلیں آپ تو بڑی پارٹی ہیں، کچھ گھنٹوں میں ہی لوگوں کو نکال لیں گے،  آپ کیا کہتے ہیں ڈپٹی کمشنر اب لوگوں کو بھی نکال کر لائے؟

ْبعد ازاں عدالت نے  ڈپٹی کمشنر کی طرف سے این او سی جاری ہونے پر عامر مسعود مغل کی درخواست نمٹا دی۔

مصنف کے بارے میں