بچپن سے لے کر اب تک کئی بار جنسی ہراسانی کا نشانہ بنی ۔نادیہ جمیل کا انکشاف

11:15 PM, 4 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی : اداکارہ نادیہ جمیل نے کہا ہے کہ میں بچپن سے لے کر جوانی تک کئی بار جنسی ہراسانی کا نشانہ بنی ہوں ۔ نادیہ جمیل سال 2020 میں  ایک سال تک برطانیہ میں کینسر جیسے موذی مرض سے زندگی موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد شفایاب ہوئی تھیں ۔انہیں بریسٹ کینسر کا عارضہ لاحق تھا ۔ پاکستان آکر انہوں نے بچوں کی فلاح وبہبود کے لئے کام شروع کردیا ۔ 

نادیہ  جمیل نے سوشل میڈیا پر ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ بچپن سے لے کر اب تک کئی بار جنسی ہراسانی کا نشانہ بنی ہیں انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ پہلی بار محض چار سال کی تھیں جب وہ جنسی ہراسانی کا نشانہ  بنیں ۔  دوسری بار پھر وہ 9 برس جب کہ تیسری بار 17 اور چوتھی بار 18 برس کی عمر میں جنسی ہراسانی کا نشانہ بنیں۔

اپنے پیغام میں نادیہ جمیل نے لکھا کہ انہیں کم عمری میں جنسی ہراسانی کے غم سے نکلنے میں کئی سال لگے، وہ کافی وقت تک ڈپریشن، خوف، صدمے اور شدید عذاب میں مبتلا رہیں۔وہ  جنسی ہراسانی کا نشانہ بننے کی وجہ سے  شرمندگی میں رہتی تھیں، انہیں کسی طرح کی خوشی سے کوئی سروکار نہیں تھا، وہ ایک درد کی کیفیت میں رہتی تھیں۔

 اداکارہ نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ لیکن اب ایسا نہیں، انہوں نے مشکل حالات اور زندگی کا مقابلہ کیا اور شفا و راحت کی جانب آئیں، اب وہ آگے بڑھ رہی ہیں اور انہیں بڑھتے ہی رہنا ہے۔

اگرچہ اداکارہ نے خود کو جنسی ہراسانی کا نشانہ بنائے جانے کے واقعات کا ذکر کیا مگر انہوں نے ایسا کرنے والے افراد کے نام نہیں لکھے اور نہ ہی واقعات سے متعلق مزید کوئی معلومات فراہم کی۔

اداکارہ کی ٹوئٹ پر درجنوں افراد نے کمنٹس کرتے ہوئے ان سے اظہار ہمدردی کیا ۔

مزیدخبریں